پی آئی اے کی لاہور سے مدینہ پرواز تاخیر کا شکار : ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی آئی اے کی لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 747 فنی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ گذشتہ پندرہ گھنٹوں سے لاہور ایئرپورٹ پر مدینہ روانگی کے منتظر مسافروں نے پریشان قومی ایئرلائن کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔

ایئرپورٹ عملہ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 روانگی کے مقررہ وقت سے 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 کے مسافروں کو کل شام بورڈنگ پاس تو وقت پر جاری ہوگئے لیکن مطلوبہ پرواز ابھی تک دستیاب نہ ہونے کے باعث مسافروں کے طبر کا پیمانہ لبریز ہونا شروع ہوگیا ہے۔

پی کے 747 کی روانگی میں تاخیر ہونے سے بورڈنگ ہونے کے باوجود عمرہ ادائیگی کے لئے مسافر روانہ نہ ہو سکے، تاخیر کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر مسافر انتظامیہ سے بحث و تکرار کر رہے ہیں۔

مسافروں کے مطابق پرواز پی کے 747 کو ہفتے کی رات 9 بجے لاہور سے مدینہ روانہ ہونا تھا۔ مذکورہ پرواز کی روانگی کا وقت پہلے رات 10 بجے اور بعد میں 11 بجے کردیا گیا لیکن اب بتایا جارہا ہے کہ طیارہ خراب ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ کاؤنٹر پر پی آئی اے کا اسٹاف بھی موجود نہیں ہے۔ پہلے کہا گیا کہ صبح 10 یا 11 بجے کے بعد پرواز روانہ ہوگی لیکن اس وعدے پر بھی عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

کئی مسافروں نے شکوہ کیا کہ ان کی عمرہ پرمٹ کی میعاد بھی آج ختم ہوجائے گی اور مزید تاخیر کی صورت میں انہیں سعودی امیگریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مسافر ہفتے کی شام 4 بجے سے لاہور ایئر پورٹ پر رکے ہوئے ہیں۔ پی آئی اے حکام نے بیرون شہر کے بعض مسافروں کو ہوٹل بھیجنے کا کہا ہے۔ پرواز کی تاخیر کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کا پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم مذکورہ خرابی جلد خرابی دور کر لی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp