وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے، کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے ملزم شکیل رفیق کو کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا جس کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے عملے نے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو کراچی سے گرفتار کیا جو کرکٹ کلب کی جعلی دستاویزات پر امریکا کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم کو کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، کراچی ایئرپورٹ سے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا ملزم گرفتار
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی کرکٹ کلب کی دستاویزات حاصل کیں اور ملزم نے سجاد سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کیے۔ ملزم نے ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کیے جبکہ بقایا رقم ویزا لگنے پر ادا کرنا تھی۔
حکام کے مطابق ملزم نے امریکی قونصلیٹ میں اپنی وابستگی کرکٹ کلب کے ساتھ ظاہر کی، ملزم نے کرکٹ کلب سے وابستگی کے حوالے سے جو دستاویزات پیش کیں وہ جعلی ثابت ہوئیں جبکہ ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات بھی نہیں رکھتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اشتہاری ملزمان اور بجلی چور گرفتار، عوام کو 39 ارب کا ریلیف، ایف آئی اے کی کارکردگی رپورٹ جاری
ایف آئی اے کا مزید بتانا ہے کہ ملزم امریکی قونصلیٹ کے عملے کو دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا اور اس حوالے سے گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں نامزد ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔