قومی اسمبلی کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے جیتنے والے 9 ارکان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہوئے ہیں۔
پیر کو رات گئے تک جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے جیتنے والے 5 اراکین پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومتی بینچوں پر بیٹھے ہیں، 4 کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہیں حکومتی لابی میں بٹھایا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں شریک پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے جیتنے والے ار اکین میں مبارک زیب، عثمان علی، چوہدری الیاس، اورنگزیب کھچی اور ظہور قریشی آزاد اراکین ایوان میں پہنچے ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ہی حمایت یافتہ اراکین میں ریاض فتیانہ، زین قریشی، مقداد حسین اور اسلم گھمن حکومتی لابی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
ان ارکان کو بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے دوران حکومتی لابی سے ایوان میں لا کر حکومتی بینچوں پر بٹھایا گیا۔
واضح رہے کہ حکومتی اراکین کے دعوے کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے انہیں اپنے حمایت یافتہ اراکین کے علاوہ مزید محض 5 اراکین کی حمایت کی ضرورت ہے۔