آئی سی سی کا پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار

منگل 22 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی بورڈ ممبران کو یقین دلایا کہ تینوں مجوزہ مقامات پر تزئین و آرائش کا کام ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

کرکٹ پاکستان کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں سے متعلق آئی سی سی مطمئن ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی کے اراکین کو پاکستان کا دورہ کرنے اور اگلے سال 19فروری سے 9مارچ تک ہونے والے ایونٹ کی تیاریوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کی دعوت بھی دی۔

مزید پڑھیں: کیا میچ کھیل کر واپس جانے سے متعلق پی سی بی کی پیشکش بھارت نے مسترد کردی؟

خیال رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 8ٹیمیں حصہ لیں گی، فائنل 9 مارچ کو مقرر کیا گیا ہے، 10 مارچ کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گا۔ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔

ملاقات میں آئندہ ایونٹ کے بارے میں بات کرنے کے علاوہ آئی سی سی بورڈ نے آئی سی سی کے چیئر اور آزاد ڈائریکٹر کے عہدوں کی مدت کو 2سے 3سال کی مدت میں ایڈجسٹ کرنے پر غور کیا۔ ملاقات کے دوران نئی تقرریاں بھی کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: بھارت کن شرائط پر پاکستان آنے پر تیار ہوا ؟

اسکاٹ ویننک کو آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی میں فل ممبرز کے نمائندے کے طور پر نامزد کیا گیا، جبکہ اسکاٹ ایڈورڈز کو ایسوسی ایٹ ممبرز کا نمائندہ بھی مقرر کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر جان میک لین کو ڈاکٹر راجر ہاکس کی جگہ آئی سی سی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے ٹورنامنٹ کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے، فائنل سمیت 7کھیلوں کی میزبانی لاہور کرے گا۔ کراچی میں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کھیلا جائے گا جبکہ راولپنڈی دوسرے سیمی فائنل سمیت 5میچوں کی میزبانی کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp