پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی اور ان کے رفقا نے آج زمان پارک آنا تھا لیکن موسم کی خرابی کے سبب وہ نہیں آسکے۔‘
’وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے ٹیلی فون پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی ہے۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’ہم انتظار کر رہے ہیں کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل ہو پھر خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی۔‘
گورنر پنجاب کو چاہیے کہ وہ مزید انتظار کیے بغیر اسمبلی تحلیل کر دیں۔ ’ہماری توقع ہے کہ گورنر 48 گھنٹے کا انتظار کیے بغیر فوراً اسمبلی تحلیل کر دیں گے تاکہ نگران حکومت کے قیام کا آئینی پراسیس شروع کیا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن میں انتخابات ہو۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی۔
’حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونےچاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔‘