کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے 30 کھلاڑیوں پر نظر ہے: چیف سلیکٹر

اتوار 9 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے لیے سلیکشن کمیٹی کی نظر میں 30 کھلاڑی ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق چیف سلیکٹر ہارون رشید نے پاکستانی کھلاڑیوں کے پولز کا مکمل جائزہ اور اس کا موازنہ دوسری بین الاقوامی ٹیموں سے کیا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز انہیں آئندہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ 2023 کے لیے ٹیم کو حتمی شکل دینے کا بڑا موقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں تجربات کے لیے وقت نہیں ہے اور ٹیم کو آئندہ ٹورنامنٹس کے لیے بہترین اسکواڈ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے سلیکشن کمیٹی کے ذہن میں 30 کھلاڑی ہیں جنہیں روٹیٹ کرنے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ ون ڈے فارمیٹ میں نئے تجربات کے لیے وقت نہیں ہے۔

ہارون رشید نے کہا کہ ایک روزہ ورلڈ کپ کے اسکوارڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے ٹاپ 30 کھلاڑیوں کے ہی آپس میں میچز کرانے کا پلان بھی موجود ہے۔

چیف سیلکٹر نے کہا کہ کپتان بابر اعظم سے پہلے ہی اس پلان پر بات ہو چکی ہے۔

ہارون رشید نے  پاکستان کی باؤلنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچاس اوور کے فارمیٹ میں پاکستان کے پاس مضبوط باؤلنگ موجود ہے تاہم مڈل آرڈر کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمارا مڈل آرڈر مزید مستحکم ہو جائے تو پاکستان کے پاس ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پچاس اوور کے فارمیٹ میں ٹیم کارکردگی اچھی ہے۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ رواں سال 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp