عمران خان سے ملاقات پر پابندی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کرلیا

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات پر پابندی کے معاملے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نورین نیازی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سمیت اڈیالہ جیل کے تمام قیدیوں سے ملاقات پر پابندی، وجہ کیا بنی؟

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے نئی درخواست دائر کی ہے جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کے سیل کی بجلی بند ہے، ان کو باہر نہیں آنے دیا جا رہا، جو کچھ ہو رہا ہے وہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں آپ کی بات سمجھ سکتا ہوں، آپ کا مین کیس کل کے لیے لگا لیتے ہیں اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو طلب کرکے معاملہ حل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے ملاقات کے لیے آنے والی قیادت کو کھری کھری کیوں سنائیں؟

وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بینچ 3 میں ڈاکٹرز کی رسائی سے متعلق درخواست لگی ہوئی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جیل میں فیملی، ڈاکٹرز یا وکلا میں سے کسی کو تو ملنے دیا جائے۔ بعد ازاں، عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے 7 اکتوبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقات پر 18 اکتوبر تک پابندی عائد کی تھی، جس میں بعد ازاں مزید توسیع کردی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp