وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل قریب میں برکس(BRICS) تنظیم کی رکنیت حاصل کرلے گا۔
روسی میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کے مشیر رانا احسان افضل نے کہا کہ پاکستان نے برکس کی رکنیت حاصل کے لیے درخواست کی ہے، امید ہے کہ پاکستان کو مستقبل قریب میں اس تنظیم کی رکنیت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برکس ایک مضبوط فورم ہے جو دنیا کی معیشت کے اہم جزو کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اعتراض ختم، کیا اب پاکستان کو ’برکس گروپ‘ کی رکنیت مل جائے گی؟
واضح رہے کہ روس کے شہر کازان میں جاری 3 روزہ برکس سربراہی اجلاس کا آج آخری روز ہے۔ برکس اجلاس میں 24 ممالک کے سربراہ شرکت کررہے ہیں۔ ، پاکستان نے گزشتہ برس برکس میں شمولیت کی درخواست دی تھی جس پر روس کے بعد اب بھارت کی جانب سے بھی حمایت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
روس کی جانب سے دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے اتحاد برکس میں پاکستان کی شمولیت کی حمایت کے اعلان کو پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ 2006 میں قائم ہونے والا برکس اتحاد پہلے برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل تھا، تاہم گزشتہ برس اس میں مزید 6 ممالک ایران، ایتھوپیا، سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور ارجنٹائن کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔