اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد وکلا کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی

جمعرات 24 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 3 بجے عدالت میں پیش کرنے اور ان کے وکلا سے ملاقات کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے دی گئی ڈیڈلائن سے قبل اڈیالہ جیل حکام نے وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا حل نکال لیا ہے۔ اڈیالہ جیل حکام نے سہ پہر 3 بجے وکلا کی عمران خان سے ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اڈیالہ جیل میں آج 3 بجے سلمان اکرم راجہ، فیصل فرید چوہدری اور شعیب شاہین کی ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے وکلا کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات پر پابندی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کرلیا

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بیان میں تصدیق کی ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے بلا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دیا تھا، اب اڈیالہ جیل پہنچ کر بشریٰ بی بی کو رہا کرائیں گے اور عمران خان سے ملاقات بھی کریں گے۔

قبل ازیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی توہین عدالت سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 3 بجے عدالت میں پیش کرنے اور ان کے وکلا سے ملاقات کا حکم  دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جیل میں کیا کچھ کھا پی رہے ہیں، جیل انتظامیہ نے بتادیا

 پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کی۔ اس موقع پی ٹی آئی کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری آج عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس اعجاز اسحاق خان نے حکم دیا کہ آج عمران خان کی ان کے وکلا سے آن لائن میٹنگ کرائی جائے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اعتراض اٹھایا کہ توہین عدالت کے کیس میں عدالت ایسا آرڈر پاس نہیں کرسکتی۔

عدالت نے وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل آفس کو بھی عدالتی معاونت کے لیے طلب کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp