’اب بیز بال نہیں چلے گی‘، انگلینڈ کے خلاف میچ میں محمد رضوان کی ویڈیو وائرل

جمعرات 24 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ راولپنڈی میں جاری ہے۔ اس فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا لیکن ان کی بیٹنگ لائن ناکام ہو گئی اور انگلینڈ کے اب تک 5 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔

اس وقت یہ بات زیرِ بحث ہے کہ انگلینڈ کی جارحانہ حکمتِ عملی جسے عرفِ عام میں بیز بال کا نام دیا جاتا ہے وہ بھی ناکام ہوتی نظر آتی ہے کیونکہ راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کیخلاف انگلینڈ کے 98 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ہیری بروک 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو جاتے ہیں تو محمد رضوان کہتے ہیں کہ ’اب بیز بال نہیں چلے گی‘۔

علی حمزہ لکھتے ہیں کہ آج اسپنرز نے بہت اچھی باؤلنگ کرائی ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ جیت سے پہلے جیت کا جشن منانا مہنگا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ انگلش ٹیم گزشتہ 2 سال سے بیز بال کرکٹ کھیلنے کے لیے مشہور ہے ، سوشل میڈیا ہو یا پھر خبروں کی ہیڈلائنز یہ لفظ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سے منسوب ہوگیا ہے۔

بیز بال کیا ہے؟

بیز بال لفظ کا بنیادی مطلب ٹیسٹ میچز میں جیت حاصل کرنے کے مقصد کے ساتھ تیز رنز بنانا ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے کوچ برینڈن میک کلم کی قیادت میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جس میں سابق کیوی بیٹر کی نئی سوچ  نے بظاہر کھیل کے طویل ترین فارمیٹ کھیلنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔

2022 میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے برینڈن میک کلم کو انگلش ٹیم کا ہیڈ کوچ اور بین اسٹوکس کو کپتان بنایا جس کے بعد انگلش ٹیم نے اپنی حکمت عملی بدلتے ہوئے روایتی ٹیسٹ میچ کے انداز کو مکمل طور پر بدلتے ہوئے ٹیسٹ میچز میں جارحانہ کھیل کے انداز کو اپنایا ہے۔

جہاں ٹیسٹ میچ میں بیٹرز سست روی سے بیٹنگ کرتے تھے، وہیں اب انگلش ٹیم نے اس انداز کو تبدیل کرکے تیز بیٹنگ کرنا شروع کی اور رن ریٹ کو 4 سے 5 رنز فی اوور تک لے گئےہیں انگلش ٹیم میں یہ بڑی تبدیلی برینڈن میک کلم کے انگلینڈ کے کوچ بننے کے بعد آئی۔ ان کے انگلش ٹیم کے کوچ بننے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز کھیلنے کے انداز کو اپنایا ہے تو اس لیے ٹیسٹ کرکٹ میں اب جارحانہ کھیلنے کو ’بیز بال‘ کا نام دیا گیا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp