لاہور میں ڈاکوؤں کے ایک گینگ نے دوران واردات ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ مکین موقع ملنے پر بھی پولیس کی مدد طلب نہ کرسکیں۔ اس ’ہائی ٹیک‘ گینگ نے مطلوبہ گھر کی فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی اور بلا خوف و خطر ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اقبال ٹاؤن لاہور میں 6 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک
پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں 5 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران جیمر ڈیوائس استعمال کی جس کے باعث ان کے گھر میں داخل ہوتے ہی موبائل اور انٹرنیٹ نے کام کرنا بند کردیا۔
جیمر ڈیوائس ایک ڈاکو نے ہاتھ میں پکڑی ہوئی تھی۔ مذکورہ ڈاکے کی واردات میں ڈاکو ایک شہری مبشر کے گھر سے ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
مزید پڑھیے: فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے آج حجاز روانہ ہونے والا شخص ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل
مذکورہ 5 رکنی گینگ اس سے قبل بھی وارداتوں میں جیمر ڈیوائس استعمال کرچکا ہے۔ یہ گینگ واردات کے لیے گاڑی استعمال کرتے ہیں اور اس کے کارندوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی مل چکی ہیں تاہم پولیس ٹیمیں تاحال ان ڈاکوؤں کو ٹریس کرنے میں ناکام ہے۔