قاہرہ مذاکرات: حماس نے جنگ بندی کو مکمل اسرائیلی انخلا سے مشروط کردیا

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قاہرہ میں مصری حکام کے ساتھ غزہ جنگ بندی سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کے بعد حماس نے مقبوضہ علاقوں میں جنگ بندی کو اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا سے مشروط کردیا۔

اسرائیل کی جانب سے موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات میں شرکت کریں گے جبکہ حماس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر جنگ بندی ہو جاتی ہے تو وہ لڑائی بند کر دے گا، کیونکہ جنگ کے خاتمے کے لیے طویل عرصے سے تعطل کا شکار کوششیں زور پکڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قیدیوں کی واپسی: حماس اسرائیل معاہدے کے قریب پہنچ گئے، قطری وزیراعظم

عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں مصر کے سیکیورٹی وفد کی حماس کے رہنما اسامہ حمدان سے ملاقات کے بعد غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیلی افواج کے غزہ سے مکمل انخلا کی شرائط پر مذاکرات کے لیے حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے۔

حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے واضح کیا ہے کہ حماس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، اسرائیل کو یرغمالی صرف اسی صورت میں واپس ملیں گے جب وہ غزہ پر اپنی جارحیت ختم کرتے ہوئے وہاں سے اپنی فوج مکمل طور پر واپس بلالے گا۔

مزید پڑھیں:امریکا نسل کش کارروائیوں کے لیے اسرائیل کو مزید مہلت دلوا رہا ہے، حماس

سال بھر سے جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی تمام کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں، حالانکہ امریکا نے امید ظاہر کی ہے کہ گزشتہ ہفتے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی شہادت ایک معاہدے کی جانب پیشقدمی کا باعث بن سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ دوحہ میں مقیم قیادت کے ایک وفد نے جمعرات کو قاہرہ میں مصری حکام کے ساتھ غزہ جنگ بندی سے متعلق مختلف خیالات اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں:حماس اسرائیل معاہدے کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورت حال تبدیل ہو گی، جلیل عباس جیلانی

’حماس نے لڑائی روکنے کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اسرائیل کو جنگ بندی کا عہد کرنا چاہیے، غزہ کی پٹی سے دستبردار ہونا چاہیے، بے گھر لوگوں کی واپسی کی اجازت دینی چاہیے، قیدیوں کے تبادلے کے ایک سنگین معاہدے پر اتفاق کرنا چاہیے اور غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دینا چاہیے۔‘

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ وہ غزہ میں عسکریت پسندوں کے زیر حراست ’یرغمالیوں کی رہائی کے لیے‘ معاہدے تک پہنچنے کے لیے مصر کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ آج لبنانی وزیراعظم سے ملاقات کرکے موجودہ جنگی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔

مزید پڑھیں:اسرائیل نے حزب اللہ، حماس اور پاسداران انقلاب کے کون کون سے اعلیٰ کمانڈر شہید کیے؟

اس سے پہلے دوحا میں قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے امید ظاہر کی تھی کہ ثالثوں کی کوششوں سے حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل وقفے کے بعد جنگ بندی سے متعلق مذاکرات جلد بحال ہو جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp