’عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ فروخت نہیں کیے جارہے‘، غیر ملکی سیاح کی پوسٹ وائرل

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان ایک سال سے عرصے سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں مگر ان کے سوشل میڈیا حامیوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

حال ہی میں وہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنے جب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ایک غیر ملکی سیاح نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ایک پیغام جاری کیا۔

سیاح کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور انگلینڈ کا میچ دیکھنے کے لیے عمران خان انکلوژر کا ٹکٹ مانگا جس کے جواب میں ٹکٹ آفس نے انہیں کہا کہ سارے ٹکٹ بک چکے ہیں جبکہ انہوں نے عمران خان انکلوژر میں اپنی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس میں انکلوژر کو بالکل خالی دیکھا سکتا ہے۔

سیاح نے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو پی ٹی آئی کے حامی صارفین عمران خان کے حق میں سامنے آ گئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انکلوژر کو اس لیے سولڈ آؤٹ قرار دیا گیا تاکہ لوگ وہاں بیٹھ کر میچ نہ دیکھ سکیں۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس ہینڈل نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سہی کہا تھا کہ یہ لوگ جب عمران خان کا نام سنتے ہیں تو ان کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی سیاح کی ٹوئٹس شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کے دوران حکومت نے عمران خان انکلوژر کو ’سولڈ آؤٹ‘ قرار دے دیا تاکہ لوگ وہاں بیٹھ کر میچ نہ دیکھ سکیں۔ تاہم ایک غیر ملکی سیاح نے اس جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا۔

احمد فرہاد کہتے ہیں کہ غیرملکیوں سے جھوٹ بولا گیا کہ عمران خان انکلوژر کے سارے ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں تا کہ کوئی عمران خان انکلوژر میں نہ بیٹھ جائےلیکن غیر ملکی سیاح  بھی ٹکٹ لے کر ہی ٹلے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ عمران خان انکلوژر کے ٹکٹ جان بوجھ کر فروخت ہی نہیں کیے گئے۔ بغض عمران خان میں یہ سسٹم اور کتنا گرے گا؟

تابندہ نامی صارف نے لکھا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ لوگ ڈر گئے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے۔ میچ کے پہلے دن انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 267 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp