سرکاری ٹی وی پر رمیز راجہ کے شان مسعود کو طعنے، سوشل میڈیا صارفین رمیز راجہ پر برس پڑے

ہفتہ 26 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے ہرا کر پاکستان نے 4 سال بعد اپنی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز جیت لی۔3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم انگلینڈ کو 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستانی اسپنرز نے فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھی اپنا سکہ جمائے رکھا۔ نعمان علی نے 6 جبکہ ساجد خان نے 4 وکٹیں لیتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو دوسری اننگز میں 112 رنز پر آؤٹ کردیا۔

4 سال بعد ہوم سیریز میں کامیابی پر جہاں شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پر مختلف پیغامات لکھے وہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیئر مین اور کھلاڑی رمیز راجہ اس وقت موضوع بحث بن چکے ہیں۔

ہوا کچھ یوں کہ ٹیسٹ میچ کے بعد پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور رمیز راجہ کی گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہورہا ہے جس میں میزبان زینب عباس شان مسعود سے کہتی ہیں کہ یہ جیت آپ کے لیے خوش آئند ہوگی کیونکہ 6میچز ہارنے کے بعد ملی ہے۔ جس پر رمیز راجہ طنزیہ انداز میں پوچھتے ہیں کہ ویسے یہ آپ نے کیسے کرلیا؟ 6میچز کیسے ہار گئے؟ کوشش کر کے ہارے؟ اور اس کے بعد قہقہ لگایا۔

جس کے بعد شان مسعود نے کہا کہ ہمیں اس جیت کی ضرورت تھی، اس قوم کو جیت کی ضرورت تھی۔ جس پر رمیز راجہ نے اس شاٹ کا ذکر کیا جس پر اکثر شان مسعود آؤٹ ہوجاتے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا آپ اپنی شاٹ پر کنٹرول کر پائیں گے یا نہیں؟

یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو رمیز راجہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ ماہرین اور صارفین کے نشانے پر آگئے اور انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک صارف نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ رمیز راجہ کا رویہ انتہائی ناگوار ہے۔ یہ کس قسم کے سوالات پوچھ رہے ہیں؟ کوئی شرم نہیں آتی انہیں۔


اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے اسی حوالے سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں ہر کوئی انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے پاکستان کی ناقابل یقین واپسی کا جشن منا رہا ہے، رمیز راجہ نے سرکاری ٹی وی پر قومی کپتان کو طعنے دینے کا انتخاب کیا۔ جب پاکستان تعریف کا مستحق تھا تو ایسی منفی سوچ لانے کی ضرورت نہیں تھی۔


ایک اور صارف نے رمیز راجہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا’ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ یہ شخص کمنٹری روم میں ایک مسخرہ ہے۔ زیرو کرکٹنگ سینس، کوئی اخلاقیات نہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین بنتے ہی انہوں نے پاکستان کرکٹ کو تباہ کر دیا۔


جہاں صارفین نے رمیز راجہ کو ماضی میں غلط فیصلوں پر آڑے ہاتھوں لیا۔ وہیں شان مسعود کے ساتھ اپنائے گئے رویے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ اسی حوالے سے ایک اورصارف نے لکھا رمیز راجہ کی باڈی لینگویج اور لہجہ دیکھیں۔ وہ واضح طور پر پاکستان کی سیریز جیتنے پر بہت ناخوش ہیں۔ یہ بندہ پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا دشمن ہے۔


تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ اگر لوگ جیتنے پر بھی تنقید کر رہے ہیں تو افسوس ہو گا۔ طویل عرصے بعد جیت کی خوشی ہے، سیریز میں جیت کا کریڈٹ پاکستانیوں کو دینا چاہتا ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp