پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ قوم کو جیت کا بے صبری سے انتظار تھا، ٹیم ورک کی وجہ سے پاکستان فاتح بن کر ابھرا، جلد ہی وائٹ بال کپتان کا بھی اعلان کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:4 سال بعد پاکستان گھر میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب، انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے دی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی نے ہفتہ کے روز انگلینڈ کے خلاف تاریخی سیریز1۔2 سے جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ و چیئرمین کرکٹ بورڈ نے تمام کھلاڑیوں سے باری باری مصحافہ کیا اور انہیں انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔
کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے سے جیت کی شکل میں فوائد حاصل ہوئے ہیں، پوری قوم ایک اچھی جیت کی منتظر تھی۔ ٹیم ورک کو اپنانے پر زور دینے کی وجہ سے ہی پاکستان آج فاتح بن کر ابھرا ہے۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر صدر اور وزیر اعظم کی مبارکباد
محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے جو میدان میں اپنی کارکردگی دکھائیں گے۔
سینٹرل کنٹریکٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ہم جلد ہی سینٹرل کنٹریکٹ کے عمل سے متعلق معاملات کو بھی حتمی شکل دیں گے۔
انہوں نے وائٹ بال فارمیٹ کے لیے نئے کپتان کی تقرری پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ وائٹ بال فارمیٹ کے لیے کپتان کی تقرری کے سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس نے 44 ماہ بعد ہوم گراؤنڈز میں کوئی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔