سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
فیصل چوہدری کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، انہیں مستقل ایک چھوٹے سیل میں رکھا جا رہا ہے جبکہ انہیں ورزش کی سہولت بھی میسر نہیں ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ٹیلی ویژن اور اخبار کی سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران خان کے انسانی حقوق کی نگہبان ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق فوری طور پر بحال کیے جائیں۔
A petition has been filed in Islamabad High Court for Khan Sab today. This was filed using an old Attorney, not on our or legal committee directions. Since the matter relates to Khan sab facilities and health issues, another petition would also be filed on Monday and both…
— Barrister Gohar Khan (@BarristerGohar) October 26, 2024
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اس درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی گئی، یہ درخواست ہماری لیگل ٹیم کی مشاورت کے بغیر جمع کروائی گئی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ درخواست ایک پرانے پاور آف اٹارنی کو استعمال کرتے ہوئے جمع کروائی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور سہولیات کے لیے پیر کے روز درخواست دائر ہوگی اور کیس میں پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی مشاورت سے ہمارے اپنے وکلا پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو لیگل ٹیم سے الگ کردیا، انہیں پی ٹی آئی وکلا کے واٹس ایپ گروپس سے بھی نکال دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے لیگل ایڈوائزر ہیں، انہیں پارٹی سے نکالے جانے کی باتوں کی کوئی پرواہ نہیں۔