پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں کہ فواد چوہدری کو معافی مل گئی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت فواد چوہدری تحریک انصاف میں نہیں، انہیں خود اپنا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی جانب سے سخت پیغام ملنے پر فواد چوہدری کا ردعمل
سلمان اکرم راجا نے کہاکہ حکومت کی جانب سے کی گئی 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، اب اگر 27 ویں ترمیم میں ملٹری کورٹس اور دیگر چیزیں لانے کی کوشش کی گئی تو سب کو باہر نکلنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں انتشار کا بیانیہ درست نہیں، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کا پارٹی میں کوئی قائدانہ کردار نہیں ہوگا۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہاکہ مخصوص نشستوں کا معاملہ بھی سپریم کورٹ کے پاس ہے، 26ویں ترمیم میں حکومت کو طاقتور بنانا عدلیہ پر حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسٹیبلشمنٹ نے تحریک انصاف پر نوازشریف کے وکیل مسلط کردیے، فواد چوہدری
سلمان اکرم راجا نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف وکلا بھی سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، حکومت نے 27ویں ترمیم کے لیے ہمارے ساتھ کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔