گولڈن بال ایوارڈ اسپین کے مڈفیلڈر روڈری کے نام، ریال میڈرڈ کا بائیکاٹ

منگل 29 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپین کے مڈ فیلڈر روڈری کو فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے گولڈن بال ایوارڈ (بیلون ڈی اور) سے نواز دیا گیا۔ ان کو یہ اعزاز مسلسل چوتھا پریمیئر لیگ ٹائٹل اور یورو 2024 جیتنے کے بعد دیا گیا۔ دوسری جانب ریال میڈرڈ نے تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مڈفیلڈر روڈری کو 68ویں گولڈن بال یعنی دنیا کے بہتری کھلاڑی کا ایوارڈ دینا حیران کن ہے کیونکہ ریال میڈرڈ کے لیگا اور چیمپئنز لیگ کے ڈبل فاتح ونیسیئس جونیئر کو بڑے پیمانے پر اس ایوارڈ کا حق دار سمجھا جا رہا تھا۔

مزید پڑھیں: رونالڈو اور میسی 20 سال بعد ’گولڈن بال‘ کی دوڑ سے باہر

ریال میڈریڈ کے ونگر ونیسیئس جونیئر دوسرے نمبر جبکہ ریال میڈریڈ کے ہی مڈفیلڈر جوڈ بیلنگہم تیسرے نمبر پر رہے۔ کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کے باوجود ریال میڈریڈ نے فرانس فٹبال کے زیراہتمام ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت کا بائیکاٹ کیا۔

رپورٹس کے مطابق تقریب سے قبل ہی ریال میڈرڈ نے بیلون ڈی اور انتظامیہ کے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا، کیونکہ 24 گھنٹے پہلے کی جانے والی ووٹنگ میں بھی ونیسیئس جونیئر کا نام ہی سرِفہرست تھا لیکن ایوارڈ سے کچھ گھنٹے قبل لیک ہونے والی فہرست میں روڈری پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے۔

جب ریال میڈرڈ کو یقین ہوگیا کہ اس سال گولڈن بال ونیسیئس جونیئر کو نہیں ملے گی تو انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور دیگر اسٹاف پر مشتمل وفد کی فلائٹ کینسل کردی اور تقریب کا بائیکاٹ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو بمقابلہ لیونل میسی: کس کی مارکیٹ ویلیو زیادہ؟

خیال رہے حتمی نامزدگیوں کے مطابق ریال میڈریڈ کے 6 کھلاڑیوں کو ایوارڈ ملنا تھا، جن میں جوڈ بیلنگہم، ونیسیئس جونیئر، ڈینی کارویہال، روڈیگر، ٹونی کروس اور کیلن ایمباپے شامل تھے جبکہ بہترین کلب اور منیجر کا ایوارڈ بھی ریال میڈریڈ کو ملنا متوقع تھا۔

ریال میڈرڈ نے اعتراض اٹھایا کہ اگر بہترین فٹبالر کا ایوارڈ روڈری کو اس لیے دیا گیا کیونکہ انہوں نے رواں سیزن اسپین اور مانچسٹر سٹی کے ساتھ انگلش پریمیئر لیگ، کلب ورلڈ کپ، یوئیفا سپرکپ اور یورو کپ 2024 جیتا ہے، تو اس معیار پر ان کے کھلاڑی ڈینی کارویہال بھی پورا اترتے ہیں۔

واضح رہے اگر دونوں کھلاڑیوں کی سال بھر کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے تو ونیسیئس جونیئر نے 630 پوائنٹس کے ساتھ تمام ٹورنامنٹس میں 26 گولز اسکور کیے جبکہ 12 گول اسسٹ کیے، ان کے مقابلے میں روڈری 576 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے اور انہوں نے اس سیزن میں مجموعی طور پر 12 گولز اسکور کیے اور 15 اسسٹ کیے۔

یہ پڑھیں: ریال میڈرڈ کے کھلاڑی ٹریننگ کے دوران خصوصی ماسک کیوں پہنتے ہیں؟

تاہم، سیزن کے بہترین مرد فٹبالر کا ایوارڈ جہاں روڈری کے حصے میں آیا وہیں بہترین خاتون فٹبالر کا ایوارڈ ہسپانوی اور بارسلونا کی کھلاڑی ایتینا بونمتی کے نام رہا جنہوں نے مسلسل دوسرے سال یہ اعزاز حاصل کیا۔

خیال رہے یہ پہلا موقع ہے کہ بیلون ڈی اور کے دونوں فاتحین کا تعلق ایک ہی ملک یعنی اسپین سے ہے۔ گزشتہ سال فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے انفرادی ایوارڈ بیلون ڈی اور لیونل میسی نے ریکارڈ 8ویں بار جیتا تھا جبکہ 21 سال بعد یہ پہلا موقع تھا کہ جب لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو حتمی نامزدگیوں میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp