وفاقی وزیر برائے منصوبی بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دور حکومت دنیا کا مہنگا ترین انٹرن شپ پروگرام تھا، اس نے خود تسلیم کیا کہ اسے حکومت چلانے کا پتہ نہیں تھا۔ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کے باوجود اپنے منشور پر بھی عمل نہیں کرسکا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں عمران خان کو دھاندلی کے ذریعے اقتدار دیا گیا، عمران خان جب حکومت میں آیاتو عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے گئے۔
وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا، گردشی قرضوں کو دگنا کر دیا گیا، ان کے وزرا خود مہنگائی کا اعتراف کرتے تھے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان جسے ملک کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے، اسےاپنی پارٹی کا صدر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص نے ہر دوسرے فیصلے پر یوٹرن لیا ہے۔