اسلام آباد میں بینک ڈکیتیوں اور بینک کی کیش وینوں پر ڈاکوؤں کے حملے میں مسلسل اضافہ ہورہا، گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں کیش وین لوٹنے کے واقعہ کے بعد آج سیکٹر جی نائن میں کیش وین لوٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص بھی جاں بحق ہوگیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں آج پیش آنے والے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کیش وین نجی بینک کے سامنے آکر رکتی ہے، جس میں سے ایک گارڈ نکل کر پہلے اردگرد کا جائزہ لیتا ہے۔ سب کچھ معمول کے مطابق ہوتا دیکھ کر کیش وین سے ایک گارڈ ایک ہاتھ میں رقم کا تھیلا اور دوسرے ہاتھ میں پستول لیے باہر نکلتا ہے اور تیزی سے بینک کی جانب بڑھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: تھانوں کی گلیاں بھی غیر محفوظ، بینک کی کیش وینز پر ڈاکوؤں کے حملے، ڈرائیور اور 3 گارڈ زخمی
تاہم، بینک کے باہر ہی اس گارڈ پر مخالف سمت سے فائرنگ ہوتی ہے اور وہ نیچے گرجاتا ہے، فائرنگ کے بعد کیش وین کے پاس موجود گارڈ وین کے پیچھے چھپ جاتا اور قریب موجود لوگ بھی بچنے کے لیے ادھر ادھر دوڑتے ہیں۔ سی سی ٹوی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بائیکیا ہیلمٹ پہنے ایک مسلح ڈاکو کو زمین پر پڑے گارڈ کے قریب سے رقم کا تھیلا اٹھا لیتا اور فرار ہوجاتا ہے۔
واقعہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کے عقب میں پیش آیا، عینی شاہدین
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ واقعہ ایف آئی ہیڈکوارٹرز کے عقب میں واقع بینک کے باہر پیش آیا، ڈاکو بائیکیا کا ہیلمٹ پہن کر ون ٹو فائیو موٹرسائیکل آیا، ڈاکو نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی جس سے 3 افراد زخمی ہوئے، فائرنگ سے ایک شخص حیدر ولد شامدار جاں بحق ہوگیا، زخمیوں میں نازیب ولد زمیداللہ اور ندیم شاہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے عقب میں بینک ڈکیتی۔
فوٹیج: کیش وین سے گارڈ پیسوں کا تھیلہ لے کر بینک کی دہلیز پر تھا کہ ڈاکو نے کلاشنکوف سے فائر مارا، گارڈ گرا اور ڈاکو تھیلہ لے کر فرار ہو گیا۔ اس واقعہ میں اس شخص جان بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ pic.twitter.com/CaO9gtAi1C
— WE News (@WENewsPk) October 29, 2024
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن اور تھانہ ترنول کی حدود میں کیش وینز پر حملے کے 2 واقعات پیش آئے تھے، تاہم ان دونوں وارداتوں میں ڈاکو رقم لوٹنے میں ناکام رہے لیکن دونوں واقعات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 گارڈز زخمی ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: بینک کی گاڑی لوٹنے، گارڈ کو مارنے والا گینگ گرفتار
رواں برس اگست میں بھی اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن میں نجی بینک کی گاڑی کو لوٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ملزمان نے کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی گارڈ کو قتل اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا۔ تاہم پولیس نے بینک لوٹنے والے اس خطرناک گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان کوگرفتار کرلیا تھا اور ان کے قبضے سے لوٹی گئی رقم ایک کروڑ 97 لاکھ روپے، 2 گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کیا تھا۔