بشریٰ بی بی کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ڈیرے پس پردہ داستان کی نشاندہی ہے، خواجہ آصف

منگل 29 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی دھمکیاں اور پھر ان کا غائب ہوجانا معمول کی کارروائی نہیں ہے، بشریٰ بی بی کا وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں ڈیرے ڈالنا پس پردہ داستان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کی رہائی ڈیل کی وجہ سے نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر خان

وزیردفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہاکہ بشریٰ بی بی کی رہائی اور پھر پشاور روانگی معمول کی کارروائی نہیں، اسی طرح علی امین گنڈاپور کی چالیں، ان کی بھڑکیں اور دھمکیاں، پھر جلسے جلوسوں سے غائب ہوکر نمودار ہونا معمول کی کارروائی نہیں ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پنجاب کو خیرباد کہہ کر بشریٰ بی بی کا وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں ڈیرے ڈالنا پس پردہ داستان کی نشاندہی ہے، یہ  کہانیاں دونوں شخصیات کی نورا کشتی اور معافی تلافی کی خبردیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئیں، علی امین گنڈاپور سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ شاید یہ سب کچھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مرضی کے بغیر نہیں ہورہا، پوری پی ٹی آئی اور اس کے کارکنوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو گزشتہ ہفتے اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، رہائی کے بعد  وہ پہلے بنی گالہ اپنے گھر گئیں جہاں سے وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئیں تھیں اور ابھی تک وہیں پر قیام پذیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp