ہمارے زمانے میں ناکام محبت والے مرجانا چاہتے تھے، اداکارہ صبا حمید

بدھ 30 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر اداکارہ صبا حمید کا کہنا ہے کہ انہیں محبت پر یقین نہیں ہے۔ حال ہی میں اداکارہ نے پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز سمیت محبت پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ 16 سے 25 سال کے لوگ ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اسے محبت کا نام دے دیا گیا ہے لیکن اب ایک نئی ٹرم سامنے آ گئی ہے کہ ’موو آن‘ یعنی سب بھول کر آگے بڑھ جائیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے زمانے میں یہ ٹرم سنی بھی نہیں تھی اس وقت جس کی محبت ناکام ہوتی تھی اس کو لگتا تھا کہ اسے مر جانا چاہیے لیکن آج کی نوجوان نسل ذہین ہے وہ آگے بڑھ جاتے ہیں اور یہ بہتر ہے کہ لوگ ناکام رشتوں سے آگے بڑھتے ہیں۔ صبا حمید نے کہا کہ انہیں کبھی محبت کی تعریف نہیں ملی لیکن عزت محبت سے زیادہ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ صبا حمید پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کی معروف اداکارہ ہیں۔ وہ 35 برس سے زیادہ عرصے سے میڈیا انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں فیملی فرنٹ، میرے ہمسفر، تھکن، لشکر، پیارے افضل، گھسی پٹی محبت، بارات سیریز، دل لگی، میرے ہمسفر اور لال عشق شامل ہیں۔ صبا حمید نے ڈرامہ ’جیسے آپ کی مرضی‘ کی ہدایت کاری بھی کی جو سپرہٹ ڈرامہ تھا۔ حال ہی میں ڈرامہ سیریل نورجہاں میں صبا حمید کی شاندار اداکاری کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا اور انہوں نے شائقین کی جانب سے خوب داد سمیٹی۔

صبا حمید کے والد لیجنڈری صحافی اور دانشور حمید اختر تھے جن کا کئی برس قبل انتقال ہوچکا ہے، اس کے علاوہ صبا حمید کی پہلی شادی سید پرویز شفیع سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے (گلوکار میشا شفیع اور فارس شفیع) ہیں، تاہم پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے اداکار وسیم عباس سے دوسری شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا علی عباس ہے اور وہ بھی اداکار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp