گوگل پر پوری دنیا کی کل دولت سے زائد جرمانہ کیوں عائد کیا گیا؟

جمعرات 31 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل پر پوری دنیا کی کل دولت سے بھی زیادہ کا جرمانہ عائد کردیا گیا، جس کے بعد سرچ انجن بڑی مشکل میں پھنس گیا ہے۔ گوگل پر یہ جرمانہ روسی عدالت کی جانب سے عائد کیا گیا ہے۔

روس کی ایک عدالت نے گوگل پر دنیا بھر کی مجموعی دولت سے بھی زیادہ مالیت کا جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے گوگل پر 2.5 ڈیسلین ڈالرز یعنی 2.5 ٹریلین ٹریلین ٹریلین ڈالرز جرمانہ عائد کیا ہے، جو عالمی جی ڈی پی سے کئی گنا زیادہ ہے۔

اس واقعے کی شروعات 2020 میں ہوئی جب میڈیا آؤٹ لیٹس Tsargrad اور RIA FAN کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینلز پر پابندیوں سے متعلق مقدمات جیتنے کے بعد امریکی ٹیک کمپنی کو جرمانہ دیا گیا تھا۔

روسی میڈیا کے مطابق گوگل نے 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کی حمایت کی وجہ سے دیگر میڈیا آؤٹ لیٹس پر بھی پابندی لگائی، جس کے نتیجے میں مزید جرمانے عائد کیے گئے۔

مزید پڑھیں: کیا امریکا سرچ انجن ’گوگل‘ کی اجارہ داری ختم کرنا چاہتا ہے؟ موبائل صارفین کو اس سے کیا نقصان پہنچے گا؟

گوگل نے گزشتہ روسی صارفین کے لیے نئے اکاؤنٹس بنانے پر پابندی لگائی تھی اور اگست میں ملک میں ایڈسینس اکاؤنٹس کو غیر فعال کر دیا تھا۔

ابتدائی کارروائی کے دوران عدالت نے چینل کو بین کرنے کی پاداش میں گوگل پر ایک لاکھ روسی روبل کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ بعدازاں سال 2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد گوگل نے دیگر روسی میڈیا اداروں پر ابھی پابندیاں لگادی تھیں، جس پر عدالت نے مزید جرمانے عائد کردیے۔

چنانچہ اب یوٹیوب پر ان 17 روسی میڈیا اداروں کے مواد پر پابندی عائد ہے جن کی جانب سے عدالت میں گوگل پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔

روسی حکومت نے ان پابندیوں کی وجہ سے گوگل کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا تھا جس کے بعد روس میں کام کرنے والی کمپنی کی شاخ نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا۔

اب عدالت نے اپنے حالیہ فیصلے میں کہا ہے کہ گوگل نے یوٹیوب سے چینلز کو ہٹا کر مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی اور اسے فوری طور پر انہیں بحال کرنا ہوگا جبکہ 2020 میں سنائی گئی جرمانے کی سزا میں ہر ہفتے کےحساب سے دگنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ روکنے کی قرارداد ویٹو کر دی

اس اضافے کے بعد جرمانے کی مجموعی رقم اتنی زیادہ بن گئی جو پوری دنیا کی جی ڈی پی سے کہیں زیادہ ہے۔

ورلڈ بینک کے تخمینے کے مطابق عالمی جی ڈی جی پی 100 کھرب ڈالرز کے قریب ہے۔

واضح رہے گوگل کی مجموعی آمدنی 306ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہے جبکہ جرمانہ اس سے کئی گنا زیادہ ہے جو گوگل کے بس کی بات ہی نہیں ہے۔ تاہم، گوگل روس کی جانب سے عائد کردہ تمام جرمانوں کو نظر انداز کے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp