پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وسطی پنجاب کے سیکریٹری جنرل حسن مرتضی نے مال روڈ سے پیپلزپارٹی کے جشنِ پارلیمانی کی فلیکسر اتارنے پر پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی اور پنجاب حکومت میں شامل ہونے کا ابھی تک اشارہ نہیں ملا، رہنما پیپلزپارٹی حسن مرتضیٰ
حسن مرتضی نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو جشنِ پارلیمانی بالادستی سے روک کر ن لیگ اپنا ماضی کُرید رہی ہے، مال روڈ لاہور سے پیپلزپارٹی کے جشنِ پارلیمانی بالادستی کی فلیکسز اُتار کر پنجاب حکومت نے گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی خوشی منانے پر ن لیگ کو ہونے والی تکلیف سمجھ سے باہر ہے، صوبائی حکومت جشن بالا دستی کیخلاف شہری انتظامیہ کی انتقامی کاروائیاں فوری بند کرائے۔
ان کا کہنا ہے کہ مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر پارٹی کی طرف سے لگائے گئے فلیکس اور بینرز اتار لیے گئے ہیں، آج 26ویں آئینی ترمیم کے جشن کو سبو تاژ کرنیکی سازش کی جارہی ہے، متعلقہ اداروں کو ایسی کاروائیوں سے نہ روکا گیا تو ہمارے کارکن مشتعل ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کا پیغام غیر سیاسی قوتوں کے لیے تھا ، حسن مرتضی
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاست میں باہمی احترام اور برداشت و رواداری پر یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز اور متعلقہ وزیر فوری طور پر پی ایچ اے اور دیگر اداروں کو روکیں، اتارے گئے فلیکس اور بینرز فوری طور پر واپس کیے جائیں۔