فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر سے آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت 30ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، لیکن اسے بھی 14اکتوبر اور پھر 31اکتوبر کو 2بار بڑھایا گیا-
31اکتوبر کی آخری تاریخ تک ایف بی آر کو 50لاکھ روپے سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی وقت کے 28لاکھ ریٹرن کے مقابلے میں 77.47 فیصد اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹیکس نظام کی بہتری اور محصولات میں اضافے کے لیے ایف بی آر نے نیا سسٹم متعارف کرادیا
اس سال کی نمو میں یکم جولائی سے 31 اکتوبر کے درمیان شامل کیے گئے 1.3 ملین نئے فائلرز شامل ہیں۔ ان ریٹرن کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی130.60 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ نِل فائلرز نے تقریباً 20لاکھ یا 31 اکتوبر تک جمع کرائے گئے کل گوشواروں کا 39 فیصد حصہ لیا۔ 2023 کے پورے ٹیکس سال میں، نِل ریٹرن فائل کیے گئے کل 66لاکھ 75ہزار گوشواروں کا 55 فیصد تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 14 اکتوبر کے بعد نان فائلر کی کیٹیگری ختم ہوجائے گی، چیئرمین ایف بی آر نے خبردار کردیا
واضح رہے یہ نِل فائلرز عام طور پر مخصوص مالیاتی لین دین کے لیے یا فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست کے تحت ٹیکس کی کم شرحوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ریٹرن جمع کراتے ہیں۔