190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان عدالت میں پیش، بشریٰ بی بی کیوں نہ آئیں؟

جمعہ 1 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کی سماعت بشریٰ بی بی کی غیرحاضری کے باعث 4 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ  نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ ریفرنس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم بشریٰ بی بی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا

بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل کی جانب سے بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ۔ وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی موجود نہیں ہیں لہٰذا سماعت بدھ تک ملتوی کی جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جان بوجھ کر کیس کو طول دینے کی کوشش کی جارہی ہے، 35 سماعتیں ہوچکی ہیں، کیس کے آخری گواہ پر جرح مکمل نہیں کی جارہی، بشریٰ بی بی عدالت نہیں آسکتیں تو عثمان گل کو ہی اپنا پلیڈر مقرر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیا ہے اور اس کا بحریہ ٹاؤن سے کیا تعلق ہے؟

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی اگر عدالت نہیں آتیں تو ان کے وارنٹ جاری کیے جائیں، جس پر بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی نے ابھی تک پلیڈر مقرر کیے جانے سے متعلق ہدایات نہیں دیں۔

وکیل عثمان گل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوجائیں گی یا ان کا پلیڈر مقرر کردیا جائے گا۔ جس پر نیب کے وکلا نے کہا کہ اگر قانون کے مطابق ملزمہ پیش ہوجاتی ہیں یا پلیڈر مقرر ہوجاتا ہے تو وارنٹ جاری نہ کیے جائیں۔ بعد ازاں، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 4 نومبر (پیر) تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی زمان پارک لاہور پہنچ گئیں، پولیس کی بھاری نفری باہر موجود

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اب تک 35 سماعتیں ہوچکی ہیں۔ اڈیالہ جیل میں گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں بھی بشریٰ بی بی پیش نہیں ہوئی تھیں۔ ان کے معاون وکیل خالد یوسف چوہدری نے ان کی طبی بنیادوں پرحاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کی تھی۔ گزشتہ روز بھی بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp