خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں کرکٹ لیگ کے فائنل میں امپائر کے فیصلے پر لڑائی سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس افسران سمیت کئی زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: پولیس کا احتجاج لکی مروت، بنوں اور باجوڑ تک پھیل گیا، مطالبات کیا ہیں؟
پولیس کے مطابق باجوڑ اسپورٹس کمپلکس میں باجوڑ کرکٹ لیگ کے فائنل میچ کے دوران ٹیم 804 کے کھلاڑی کو تھرڈ امپائر کی جانب سے آؤٹ قرار دیے جانے پر کھلاڑی آپس میں لڑپڑے اور ان کا ساتھ دینے کے لیے تماشائی بھی میدان میں کود گئے۔
باجوڑ میں پی ٹی آئی کے دو گروپوں میں کرکٹ میچ کے دوران جھڑپ
باجوڑ سپورٹس کمپلکس میں جاری باجوڑ کرکٹ لیگ فائنل میچ کے دوران کھلاڑی کو آئوٹ دینے پر جھگڑے میں ایک جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے
جھگڑا گل ظفر اور مبارک زیب گروپ کے درمیان ہوا pic.twitter.com/3z1jpAsmkW
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) November 1, 2024
ہاتھا پائی اور بھگڈر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 پولیس افسران سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقعے پر پہنچ گئی۔ لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گرفتاریاں
ڈسٹرک پولیس افسر باجوڑ نے بتایا ہے کہ پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اب تک 6 افراد گرفتار کرلیے ہیں جبکہ ویڈیوز کی مدد سے تمام ملوث افراد کی شناخت کے باقی افراد کو بھی پکڑ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیے: کرم کی واحد سڑک پر دہشتگردوں کا راج، رہائشی محصور، مریض موت سے دوچار
انہوں نے بتایا کہ تھوڑ پھوڑ اور جھگڑے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے کے موقعے پر دونوں ٹیموں کے حامیوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں اور ڈنڈے برسائے جبکہ تھوڑ پھوڑ بھی کی گئی جس سے پویلین کے شیشے ٹوٹ گئے۔