ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے مسلسل تیسرا میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے بھارت کے بعد جنوبی افریقہ کو بھی شکست دے دی۔
مونگ کوک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دوسرے کواٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کو 17رنز سے شکست دیکر ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے ہاتھوں انڈیا کو شکست: لڑنے کا یہی جذبہ جیت کے لیے ضروری ہے، محسن نقوی
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 105 رنز بنائے، گرین شرٹس کی جانب سے کپتان فہیم اشرف اور آصف علی صفر پر پویلین لوٹے تاہم محمد اخلاق نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16گیندوں پر 7چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی، اسی طرح حسین طلعت 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آغاز اچھا نہ رہا، کپتان جے جے اسٹمس 6 جبکہ جیکس سنیمن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایوان جونز نے 46 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم ٹیم کو میچ جتوانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کا بیٹ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں رکھا جانا ہمارے لیے اعزاز ہے، ایم سی جی انتظامیہ
واضح رہے پاکستان ایونٹ میں ابھی تک ناقابل شکست ہے اور تینوں میچ جیت چکا ہے، سب سے پہلے متحدہ عرب امارات، پھر روایتی حریف بھارت اور اس کے بعد جنوبی افریقہ کو شکست دی۔