سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے 5ویں جماعت تک اسکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹے دے رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کی فضا کا معیار انتہائی مضر صحت ہونے کے سبب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا آج پھر پہلا نمبر ہے۔ حکومتِ پنجاب نے الرٹ جاری کیا تھا کہ بھارت میں کثرت سے فصلوں کی باقیات جلانے سے لاہورکے ائیر کوالٹی انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، امرتسر و چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں اسموگ بہت تیز تھی، بھارت سے اسموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے اقدامات کیے، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، اسموگ سے بچاؤ کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوگیا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عوام اسموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں بانٹے گئے ہیں، ای بائیکس منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔‘
حکومت کی جانب سے خراب فضائی معیار کے باعث لاہور کے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور کھڑکی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے کسی حصے میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور پنجاب کے بیشتر علاقوں کا اسموگ سے متاثر رہنے کا خدشہ ہے۔
بھارت میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا، مریم اورنگزیب
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق بھارت سے آلودہ ہوا لاہور میں داخل ہونے سے ہفتہ کی صبح شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار تک پہنچ گیا تھا جبکہ آئندہ 48 گھنٹے تک اسموگ کی شدت برقرار رہے گی۔ بھارتی علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے اسموگ میں اضافہ ہوا۔
بھارتی سموگ کیخلاف احتیاطی تدابیر اپنائیں، ماسک پہنیں۔
~ سینیئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب کی عوام سے اپیل pic.twitter.com/XlgenP96Im
— Senior Minister Punjab (@MarriyumOffice) November 2, 2024
مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ لاہور میں پھیلنے والی اسموگ کی ناسا نے فضائی تصویر جاری کی ہے۔ ہوا کے ساتھ دھواں بھی پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگیا جس سے صورتحال خراب ہوگئی ہے۔ اسموگ میں شدید اضافے کے بعد شہری اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شہری ماسک لازمی پہنیں سانس، سینے اور دل کے امراض میں مبتلا افراد احتیاط کریں اور خاص طور پر بزرگ افراد کھلی فضا میں نہ جائیں۔
مزید پڑھیں:مریم نواز نے اسموگ کے خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ سفارتکاری کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے دفعہ 144نافذ
اسلام آباد میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کردیں۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے زہریلی گیسوں کا اخراج روکنے کے لیے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات کا اطلاق فی الفور آئندہ 2 ماہ تک کے لیے ہوگا جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ گاڑیوں، فیکٹریوں اور بھٹوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج سمیت کوڑا اور فصلیں جلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔