ایک جاپانی تحقیقی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے میں ایک دن 8 ہزار قدم چلنے سے موت کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ باقاعدگی سے ہفتے میں ایک یا 2 دن کم از کم 8 ہزار قدم چلتے ہیں ان میں 10 سال کے بعد موت کے خطرے میں کمی دیکھی گئی ہے۔
گزشتہ مہینے یہ مطالعہ امریکی میڈیکل ایسوسی ایشن کے اوپن میڈیکل جرنل میں شائع ہوچکا ہے۔
اس سے قبل کی گئی ایک تحقیق میں یہ ثابت ہوا تھا کہ 8 ہزار قدم یا اس سے زیادہ پیدل چلنے سے موت کا خطرہ کم ہوسکتا ہے لیکن یہ بات واضح نہیں تھی کہ کتنے دنوں میں اتنے قدم چلا جانا چاہیے۔
محققین نے 20 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 3ہزار 101 بالغوں پر یہ مطالعہ کیا ہے جس میں اوسط عمر 50.5 سال ہے جبکہ 2005 اور 2006 کے درمیان کیے گئے امریکی قومی صحت کے سروے کے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 3 سے 7 دن تک روزانہ چلنے والے افراد پر مشتمل گروپ میں شرح اموات 16.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس ایک یا 2 دن کے گروپ کی شرح 14.9 فیصد تھی۔
تحقیقی ٹیم نے زیادہ تر اموات کی وجہ کو دل اور خون کی شریانوں کا متاثر ہونا بتایا ہے۔
کیوٹو یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر کوسوکے انوئی نے کہا کہ جو لوگ روزانہ چلنے کے لیے وقت نہیں نکال سکتے وہ مطلوبہ اہداف کو ہفتے کے آخر میں ایک یا دو دن چل کر حاصل کر سکتے ہیں۔