سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آدمی حیران ہوجاتا ہے کہ نواز شریف 50 سال سے اس ملک کی سیاست کر رہے ہیں اور 50 سال بعد انہیں یہ بنیادی بات سمجھ نہیں آ رہی کہ پی آئی اے کی نجکاری آئی ایم ایف کی اصلاحاتی شرائط کے تحت ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ حکومت Active Buisness سے علیحدہ ہوگی، اگر صوبائی حکومتوں نے وفاق سے کاروبار خریدنے ہیں تو یہ کان الٹے ہاتھ سے پکڑنا ہے، وفاقی حکومت جو پیسہ صوبوں کو دیتی ہے اس سے وفاق کے ادارے خریدنے کی کیا تک ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مجھے لگا کہ یہ بات مذاق میں ہو رہی ہے لیکن کل TV پر ان کو (نواز شریف) بظاہر سنجیدہ بات کرتے سنا تو سر پکڑ لیا کہ کیا لوگ ہیں۔
آدمی حیران ہو جاتا ہے کہ نواز شریف پچاس سال سے اس ملک کی سیاست کر رہے ہیں اور پچاس سال بعد انھیں یہ بنیادی بات سمجھ نہیں آ رہی کہ PIA کی نجکاری IMF کی اصلاحاتی شرائط کے تحت ہو رہی ہے کہ حکومت Active Buisness سے علیحدہ ہو گی، اگر صوبائی حکومتوں نے وفاق سے کاروبار خریدنے ہیں تو یہ…
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 3, 2024
یاد رہے کہ گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے۔ اگر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ایئر لائن میسر آئےگی۔
قبل ازیں نواز شریف نے امریکا میں کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ایئر لائن کا نام ایئر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مریم نواز سےکہا تھا کہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ایئر لائن بھی بنا سکتی ہیں۔ پی آئی اے کو پی ٹی آئی دور میں تباہ کیا گیا، پی آئی اے کے پائلٹس کو جعلی کہنے والا پی ٹی آئی دور کا وزیر آج چھپا بیٹھا ہے۔