پاکستانی معروف بیوٹیشن، کاروباری شخصیت و سابق اداکارہ مسرت مصباح کا کہنا ہے کہ ان کی طلاق کے بعد والد نے تمام بہنوں کو بلایا اور کہا کہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد ہی اب ان کی شادی کی جائے گی۔
مسرت مصباح نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو شرکت کی جہاں وہ اپنے والدین کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ طلاق کے بعد والدین کے ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ والد نے طلاق کے بعد بلایا اور پوچھا کہ وہ کام کرنا چاہتی ہیں یا مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
مسرت مصباح کے مطابق ان کے والد کہتے تھے اٹھو اور مضبوط بنو کیونکہ وہ عملی شخص تھے اور کہتے تھے چیزوں کا بروقت پتا چل جائے تو ان کا حل ڈھونڈنا چاہیے جبکہ والدہ ہر وقت ان کے ساتھ رہتی تھیں اور پیار بھری باتیں کرتی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ والدہ کو حیرت انگیز طور پر ان کی تمام مشکلات کا علم تھا یہاں تک کہ اگر وہ اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے ان سے چیزیں چھپاتی تھیں تو انہیں اس کا بھی علم ہوجاتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے مشکل وقت میں والدہ صبح کے 10 بجے سے پہلے ہی انہیں فون کرکے پوچھتی تھیں کہ کیا وہ ٹھیک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سوچتی تھیں کہ والدہ کو کیسے بتائیں انہیں روزانہ کی بنیاد پر کتنی زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدہ کا روزانہ ایک فون ان کے جسمانی اور جذباتی درد کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتا تھا اور وہ اس وقت ان کے لیے ایک بڑا سہارا تھے۔
مسرت مصباح نے بتایا کہ ان کی والدہ کہتی تھیں چاہے جیسا بھی وقت پو اللہ پر آپ کا یقین کامل ہونا چاہیے اور گلہ نہیں کرنا چاہیے کہ مجھ پر ہی ایسا وقت کیوں آیا ہے۔
مسرت مصباح ایک مشہور اور باصلاحیت پاکستانی بیوٹیشن ہیں، وہ اپنے میک اپ برانڈ کی مالک ہیں جو پاکستان کا پہلا حلال سرٹیفائیڈ میک اپ برانڈ ہے۔ فیشن انڈسٹری میں ہلال میک اپ متعارف کرانے کا سہرا پاکستان میں مسرت مصباح کو جاتا ہے جس کی تمام کلیکشنز میں کسی بھی قسم کے مضر صحت کیمیکلز کا استعمال نہیں کیا جاتا۔














