خوبرو پاکستانی ادا کارہ ہانیہ عامر نے انتہائی کم عرصے میں اپنی باکمال اداکاری سے انڈسٹری میں قدم جما لیے ہیں۔ حال ہی میں ان کے ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کو مداح بہت پسند کررہے ہیں۔
مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھانے کا اعلان کردیا گیا ہے لیکن آخری قسط سے قبل ہی ہانیہ عامرکینیڈا پہنچ گئی ہیں جہاں وہ بھارتی صحافی فریدون کو انٹرویو دیتی نظر آئیں۔
یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں بھارتی صحافی فریدون نے ہانیہ عامر سے سوال کیاکہ دنیا کا ہر انسان یہ جاننا چاہتا ہے کہ آخر شرجینا مصطفیٰ کا فون کیوں نہیں اُٹھا رہیں؟
اس پر ہانیہ عامر نے آڈیئنس میں بیٹھی لڑکیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ لڑکیو بتاؤ شرجینا فون کیوں نہیں اُٹھا رہی؟ مطلب یہ کوئی طریقہ تھا، صحیح ہے تم نے پیسے کمانے تھے تو کماؤ لیکن تھوڑا ہنس کھیل لیتے یار۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصطفیٰ نے فنی ہونا ہی چھوڑ دیا اس لیے وہ تھوڑی سی ناراض ہے اور بنتا ہے یہ تو۔
View this post on Instagram
ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی صارفین نے اس پر مختلف تبصرے کرنے شروع کردیے۔ کسی کو ہانیہ عامر کا یہ انداز بھا گیا تو کسی نے ان پر ماہرہ خان کو نقل کرنے کا الزام لگا دیا۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ ہانیہ عامر ماہرہ خان کو کاپی کیوں کررہی ہیں؟ جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ انہیں لگا صرف انہیں ہی ہانیہ عامر کا انداز ماہرہ خان جیسا لگ رہا ہے۔ جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر کیوٹ ہیں لیکن ان کا بات کرنے کا انداز ایسا نہیں ہے۔
جہاں ایک طرف کئی صارفین ہانیہ عامر پر ماہرہ خان کو نقل کرنے کا الزام لگاتے رہے وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جن کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر کا اپنا اسٹائل ہے اور انہوں نے ماہرہ کو کاپی نہیں کیا جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ لوگ ہانیہ عامر سے جل رہے ہیں۔