لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں شامل ایک پاکستانی شہری نے اپنے رویے پر معافی مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ اس کا پی ٹی آئی سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہری نعمان علی نے کہا، ’میں 29 اکتوبر کو مڈل ٹیمپل ہال کے باہر سے گزر رہا تھا، وہاں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی آئی، وہاں اور لوگ بھی جمع تھے، میں نے وہاں پرامن احتجاج کیا، جو واقعہ پیش آیا میں اس پر شرمندہ ہوں اور معافی چاہتا ہوں۔‘
یہ بھی پڑھیں: سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کا شدید احتجاج، گو قاضی گو کے نعرے
نعمان علی نے اعلان کیا کہ اب میں دوبارہ کبھی پی ٹی آئی کے احتجاج میں شامل نہیں ہوں گا، میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
Noman Iqbal from London issues apology at the incident outside the Middle Temple involving Justice Qazi Faez Isa pic.twitter.com/j1ClIoekY7
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) November 5, 2024
واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شامل کیا گیا تھا، اس سلسلے میں 29 اکتوبر کو ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
تاہم، سابق چیف جسٹس کی لندن آمد پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا اور گو قاضی گو کے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین میں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور ملیکہ بخاری بھی شریک تھیں۔
PTI protest outside Middle Temple against the former chief justice of Pakistan (CJP) Qazi Faez Isa, who is invited to a dinner by The Honourable Society of the Middle Temple. Isa has been elected as a bencher at the Middle Temple, a prestigious legal institution in the United… pic.twitter.com/CpTpV84CD7
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) October 30, 2024
واقعہ کے خلاف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس سلسلے میں نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی جلد از جلد نشاندہی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ نے لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ آوروں کی شہریت منسوخی کا حکم دیدیا
دوسری جانب، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو برطانیہ میں ہراساں کرنے کے معاملے پر وزارت خارجہ نے بھی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔