امریکا اپنے نئے صدر کے انتخاب کے نزدیک پہنچ چکا ہے۔ کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مہمات کو اہم سوئنگ ریاستوں پر مرکوز کیا جہاں ہر ووٹ اہمیت رکھتا ہے۔
پولنگ بند ہونے کے اوقات مختلف ریاستوں اور بعض اوقات کاؤنٹیز میں مختلف ہوتے ہیں۔
گنتی کب شروع ہوگی؟
تاہم زیادہ تر اسٹیشنوں پر پولنگ کا عمل پاکستانی وقت کے مطابق بدھ 6 نومبر کو صبح 5 بجے سے دن 11 بجے کے درمیان بند ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات: پہلا ووٹ کہاں کاسٹ ہوا؟
پہلی پولنگ بند ہونے کے چند گھنٹے بعد نتائج آنا شروع ہونے کی توقع ہے۔ تاہم کچھ ریاستوں میں ووٹوں کی تعداد دوسروں کے مقابلے میں زیادہ ہو گی۔
چونکہ مغربی ریاستوں میں کئی گھنٹے بعد پولنگ بند ہو رہی ہے اس لیے ان کے نتائج بعد میں آنا شروع ہوں گے۔ اس صورتحال میں گنتی انتخابات کی رات کے بعد دیر تک جاری رہ سکتی ہے اور ہو سکتا ہے کہ فاتح کا اعلان ہونے میں کئی روز لگ جائیں۔
مزید پڑھیے: ایک گلہری کی موت امریکی صدارتی انتخابات کا موضوع کیوں؟
امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے اور کئی ایسی ریاستیں نظر آ رہی ہیں جہاں کسی بھی امیدوار کو واضح برتری حاصل نہیں ہے اور وہاں کسی بھی امیدوار کے بہت کم ووٹوں سے جیتنے کی صورت میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا بھی کافی امکان موجود ہے۔
امریکا اتنے بڑے رقبے میں پھیلا ہوا ہے کہ پہلا پول منگل کو ایسٹرن اسٹیندرد وقت (ای ایس ٹی) کے مطابق شام 6 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 4 بجے) بند ہو گا جب کہ آخری پول 7 گھنٹے بعد بدھ کی رات ایک بجے (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کو دن کے 11 بجے) بند ہو گا۔
جن سات ریاستوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے اُن میں ایریزونا، جورجیا، مشی گن، نواڈا، جنوبی کیرولائنا، پینسلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔
جورجیا اور 5 دیگر ریاستوں میں ووٹنگ مکمل طور پر جب کہ 3 ریاستوں میں جزوی طور پر ای ایس ٹی وقت کے مطابق شام 7 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے) بند ہو گی۔
جنوبی کیرولائنا سمیت 4 ریاستوں میں پولنگ ای ایس ٹی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بج کر 30 منٹ) پر بند ہو گی۔
مزید پڑھیں: امریکی انتخابات میں کتنے پاکستانی نژاد شہری قسمت آزما رہے ہیں؟
اسی طرح پینسلوینیا اور 16 دیگر ریاستوں میں مکمل طور پر جبکہ مشی گن اور 4 دیگر ریاستوں میں پولنگ کا جزوی اختتام ای ایس ٹی وقت کے مطابق شام 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 6 بجے) ہو گا۔
مشی گن کے باقی رہ جانے والے علاقوں اور ایریزونا، وسکونسن اور 12 دیگر ریاستوں میں پولنگ کا اختتام رات 9 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 7 بجے) ہو گا۔
نواڈا اور دو دیگر ریاستوں میں پولنگ رات 10 بجے بند ہو گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق پولنگ ختم ہوتے ہوتے بدھ کی صبح 8 بج جائیں گے۔
گنتی کا عمل؟
عموماً انتخاب کے روز ڈالے گئے ووٹوں کو پہلے گنا جاتا ہے۔ اس کے بعد بذریعہ ڈاک ڈالے گئے ووٹ، چیلنج کیے گئے ووٹ اور پھر بیرون ملک اور فوجی بیلٹوں کی گنتی کی جاتی ہے۔
مقامی انتخابی عملہ انفرادی ووٹوں کی تصدیق، پروسیسنگ اور گنتی کا عمل مکمل کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات میں بدامنی کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری، نیشنل گارڈز کو اسٹینڈبائی رہنے کا حکم
بیلٹ کی تصدیق میں ڈالے گئے ووٹوں کا فعال ووٹرز کی تعداد سے موازنہ کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہر ایک ووٹ کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ کہیں کسی ووٹ پر داغ تو نہیں یا کہیں سے پھٹا ہوا تو نہیں ہے۔
ووٹوں کی گنتی کے دوران ہر ایک بیلٹ کو الیکٹرانک اسکینرز میں ڈالا جاتا ہے جو ان کے نتائج کو جمع کرتے ہیں۔ کچھ حالات میں ان ووٹوں کو دوبارہ مینیوئل طریقے سے بھی گنا جاتا ہے۔
ہر ریاست اور علاقے کے سخت قوانین ہوتے ہیں کہ کون اس عمل میں حصہ لے سکتا ہے، ووٹوں کی کارروائی کی ترتیب کیا ہوگی اور ان میں سے کن چیزوں تک عوام اور مبصرین کی رسائی ہوگی۔