پاکستان میں موسم سرما کا آغاز؛ برفباری اور بارشیں کم ہونے کا امکان

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس سردیوں کا آغاز خشک سردی سے متوقع ہے۔

واضح رہے کہ نومبر کی شروعات ہو چکی ہیں۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال نومبر میں اسلام آباد کا موسم بھی اب تک مکمل طور پر سرد نہیں ہے۔

اگر صبح اور شام کے اوقات کی بات کی جائے تو صبح طلوع آفتاب اور شام سورج غروب ہوتے ہی سردی کا احساس ہوتا ہے۔ تاہم دوپہر کی بات کی جائے تو شہر کا درجہ حرارت تقریباً گرمی کی شدت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ ہفتوں میں بارشوں کا ایک سلسلہ متوقع تھا لیکن پیشن گوئیوں کے باوجود کوئی خاص بارش نہیں ہوئی۔

اسلام آباد میں آئندہ ہفتوں میں کیا بارش کے کسی سلسلہ کی توقع ہے؟ اور مجموعی طور پر اس بار سردیوں میں کس پیمانے کی بارشوں کی توقع کی جا سکتی ہے؟

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ مہر صاحبزاد خان نے بتایا کہ اس بار سردیوں میں بارشوں کا کوئی خاص سلسلہ فی الحال نظر نہیں آرہا۔ تاہم آئیندہ کچھ روز میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے بعد باقاعدہ شہر میں سردی کا آغاز بھی ہو جائے گا۔ چونکہ شمالی علاقہ جات میں تھوڑی بہت برفباری کا امکان ہے۔ اس کی وجہ سے یہاں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ لیکن وہاں  سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے اسلام آباد کے موسم میں کافی تبدیلی آئے گی۔

مہر صاحبزاد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس بار سردیوں کا آغاز خشک سردی سے ہوگا۔ باقی سردیاں معمول کے مطابق ہی ہوں گی۔ اسلام آباد میں بھی خشک سردیوں کی وجہ سے سموگ کی صورتحال دیکھنے میں آسکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہے گا، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp