عام طور پر تو پوری دنیا میں مردوں اور خواتین کو پولیس میں بھرتی کیا جاتا ہے لیکن امریکا میں پہلی بار ایک خرگوش کو بھی پولیس میں بھرتی کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر یوبا کا ہے جہاں ایک پولیس آفیسر ایشلے کارسن کو گمشدہ خرگوش ملا۔
ایشلے کارسن کو گزشتہ سال کیلیفورنیا کے یوبا شہر کے علاقے پرسی ایونیو میں ایک گمشدہ خرگوش ملا تھا۔
پولیس افسر اس خرگوش کو اپنے ساتھ پولیس اسٹیشن لے آیا تھا جس کو بعد میں جانوروں کے کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا تھا تاکہ اس کے خاندان کو ڈھونڈا جاسکے۔
تاہم گمشدہ خرگوش کا خاندان نہ مل سکا جس کے بعد اسے پولیس نے گود لے لیا۔ خرگوش کا نام ملنے والے علاقے ‘پرسی’ کی مناسبت سے پرسی رکھا گیا اور پولیس میں بھرتی بھی کر لیا گیا۔
خرگوش کو اب پولیس میں بھرتی کرنے کے بعد ’’فلاحی افسر‘‘ کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے جس کے بعد اب خرگوش ‘افسر پرسی’ بن گیا ہے۔
محکمہ پولیس نے اپنی فیس بک کی ایک پوسٹ پر لکھا ہے کہ افسر پرسی دن کے وقت محکمہ پولیس کے لاؤنج میں رہتا ہے۔