کسی بھی ملک کی ایئر لائن اس ملک کی پہچان ہوتی ہے، قومی ایئر لائن پی آئی اے کا شمار دنیا کی بہترین ایئر لائنز میں ہوتا تھا ایک وقت تھا جب دنیا بھر سے مسافر اس فضائی سروس کے ذریعے سفر کرنے کو فخر سمجھتے تھے لیکن وقت کے ساتھ پی آئی اے کی سروس اور معیار گرتا چلا گیا۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں جدہ سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کی سیٹیں بہت بری حالت میں ہیں، جس میں گندا کشن پڑا ہوا ہے۔ صارف کا کہنا ہے کہ ایک تو جہاز چھ گھنٹے لیٹ ہوا ہے اورپھر سیٹوں کے علاوہ بھی پورا جہاز بہت بری حالت میں ہے۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین نے اس پر مختلف تبصرے شروع کر دیے۔ عمران خان لکھتے ہیں کہ آج کل پی آئی اے میں سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے، ذیشان میتلا نے کہا کہ آپ صرف ایک ایئر لائن کی بات کر رہے ہیں پورے ملک کا حال اس سے بھی برا ہے۔
ایک صارف نے پی آئی کی حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تو حاجی کیمپ والی بس بھی اچھی ہے جبکہ ایک صارف نے پی آئی اے کی حالت کو دیکھتے ہوئے طنزاً لکھا کہ اس حساب سے بولی ٹھیک لگائی گئی تھی۔
محمد سمیع نے کہا کہ پی آئی اے کو سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی نے پہنچایا ہے جب ایک صاحب نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر بولا ہمارے پائیلٹ جعلی ڈگریاں لے کر لے جہاز چلاتے ہیں پھر راتوں رات ساری دنیا نے پی آئی اے کی سہولت لینا بند کر دی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی نہیں دیکھتا پی ٹی آئی کے دور میں اس ملک کو کتنا نقصان ہوا ہے۔
جہاں کئی صارفین پی آئی اے پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے کہا کہ پی آئی اے پاکستان کا اثاثہ ہے اس کی عزت کریں۔ ایک صارف نے کہا باہر کے لوگوں کو پاکستان کا غلط امیج نہ دیں۔