ڈیموکریٹک پارٹی مکافات عمل کا شکار ہوئی، حماس کا رد عمل اور ٹرمپ کو مشورہ

بدھ 6 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے ڈیموکریٹس کی شکست وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے نو منتخب صدر کو سابقہ دور حکومت کی غلطیوں سے اجتناب برتنے کا مشورہ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ری پبلکنز نے میدان مارلیا،یہ حیرت انگیز فتح ہے جو پہلے کسی کو نہیں ملی، ڈونلڈٹرمپ کا کامیابی پر خطاب

انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حماس کے سینیئر رہنما سمی ابو ظہری نے کہا ہے کہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی شکست غزہ پر ان کے مجرمانہ مؤقف کی قیمت ہے۔

ابو ظہری نے کہا کہ ٹرمپ کو ان کے بیانات کے حساب سے جانچا جائے گا کیونکہ انہوں نے کہا تھا وہ بطور امریکی صدر غزہ جنگ کو چند گھنٹوں میں روکیں گے۔

واضح رہے کہ بدھ کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں بھی نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عہدے دار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آؤٹ گوئنگ صدر جو بائیڈن کی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔

مزید پڑھیے: امریکا کے 47ویں منتخب صدر، ڈونلڈ ٹرمپ کے کیریئر پر ایک نظر

دریں اثنا حماس پولیٹیکل بیورو کے ممبر باسم نعیم نے کہا کہ صیہونی ریاست کی اندھی حمایت ختم ہونی چاہیے کیونکہ یہ حمایت ہمارے لوگوں کے مستقبل اور خطے کی قیمت پر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کو شکست دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ اس سے پہلے سنہ 2016 میں بھی امریکا کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp