وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اب ہم عمران خان کی فائنل کال پر نکلیں گے تو حقیقی آزادی لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 9 نومبر کو صوابی میں ہونے والے اجتماع میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اس لیے عوام اس میں بھرپور شرکت کریں۔
یہ بھی پڑھیں 9 نومبر کو صوابی جلسے میں فیصلہ ہوگا، اس بار ایک ہی دفعہ نکلیں گے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہاکہ صوابی اجتماع میں ملک میں ہونے والی فسطائیت کے خلاف ایک قرار داد پیش کی جائے گی۔ کیونکہ عمران خان کو رہا نہیں کیا جارہا اور درمیان میں ان کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا، اور ہمیں ملاقات کی بھی اجازت نہیں تھی، اس پر ہمیں تشویش ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ اڑھائی سال سے ملک میں فسطائیت جاری ہے اور ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جارہا ہے، 9 نومبر کو صوابی انٹرچینج پر دن 2 بجے خیبرپختونخوا کا ہر شخص پہنچے، ملک کے دیگر حصوں سے بھی لوگ آئیں گے لیکن اس کو کامیاب ہم نے بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھ ظلم ہوا اور مینڈیٹ بھی چوری کیا گیا، اب فائنل کال آنے پر وہی شخص احتجاج میں آئے جو گھر میں بتا کر آئے کیونکہ اب ہم حقیقی آزادی لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت، اب احتجاج کی کال فائنل ہوگی، علی امین گنڈاپور
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 9 نومبر کو صوابی میں اجتماع کا اعلان کیا ہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔