حکومت کی جانب سے مختلف اوقات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی شرح بھی کم ہوئی ہے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں، تاہم گزشتہ چند دنوں سے ایک مرتبہ پھر سے گھی کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ آٹے کے تھیلا 150 روپے کلو مہنگا ہو گیا ہے، جبکہ مختلف دالیں 80 سے 100 روپے فی کلو تک بڑھ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کیا پنجاب میں نئی فورس بنائی جائے گی؟
وی نیوز نے اشیا خورونوش کی موجودہ اور ایک ماہ قبل کی قیمتوں کا موازنہ کیا تو معلوم ہوا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت میں 100 روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوا، جبکہ مرغی کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔
گھی، آٹا اور دالیں
ماہ اکتوبر میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت تقریباً 400 روپے کلو تھی، جو کہ اب بڑھ کر 500 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ڈالڈا گھی کی قیمت میں 120 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
اکتوبر میں آٹے کے 15 کلو والے تھیلے کی قیمت 1950 روپے تھی، جو کہ بڑھ کر 2100 روپے ہو گئی ہے۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی 80 سے 100 روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ دوسری جانب چینی اور پتی کی قیمت ابھی بھی اپنی جگہ برقرار ہے۔
سبزی کی قیمت
اسلام آباد فروٹ و سبزی مارکیٹ ہر روز نئی ریٹ لسٹ جاری کرتی ہے۔ گزشتہ ماہ اور آج کی لسٹ کے مطابق بیشتر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم کمی صرف چند اشیا کی قیمتوں میں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آنے والے دنوں میں شرح سود اور مہنگائی میں مزید کمی آئےگی، وزیر خزانہ نے خوشخبری سنادی
آلو کی قیمت 73 روپے فی کلو تھی جو کہ اب 82 روپے ہے۔ پیاز کی قیمت 80 روپے تھی اور اب 100 روپے ہے۔ ٹماٹر 80 روپے فی کلو تھے جو کہ اب 110 روپے فی کلو ہیں۔ لہسن 350 روپے تھا جو کہ اب 390 روپے ہو گیا ہے۔
فروٹ کی قیمت
اسلام آباد فروٹ منڈی کے نرخوں کے مطابق گزشتہ ماہ کیلا 140 روپے درجن تھا جو کہ اب 110 روپے درجن ہے۔ پاکستان کا سیب مارکیٹ میں 180 روپے کلو میں دستیاب تھا جو کہ اب بھی 180 کا ہی ہے، جبکہ انگور کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کمی ہوئی ہے اور نئی قیمت 320 روپے فی کلو ہے۔
مرغی اور انڈے کی قیمت
گزشتہ ماہ اکتوبر میں تو زندہ مرغی کی قیمت 450 روپے کلو ہی رہی تاہم ایک ہفتے سے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت مرغی کا ریٹ 362 روپے فی کلو ہے۔ جبکہ ایک ماہ میں شیور انڈوں کی فی درجن قیمت 304 روپے فی درجن سے بڑھ کر 322 روپے ہو گئی ہے۔