پنجاب میں تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی کا قیام، 15 روز میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے تھیٹر ڈراموں کو مہذب اور ثقافتی بنانے کے لیے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کی سربراہی میں ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں سینیئراسٹیج آرٹسٹ بھی شامل ہیں۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور سیکریٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی سے تھیٹر کے سینیئر فنکاروں نے ملاقات کی جس میں چیئرمین الحمرا آرٹس کونسل رضی احمد بھی موجود تھے، تبادلہ خیال کے بعد سیکریٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی کی سربراہی میں تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’کیا حال ہے کیا دکھا رہے ہو‘، پرفارمنس کے دوران مزاحیہ فنکار کس کرب سے گزرتے ہیں؟

تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی میں سینیئر اداکار سہیل احمد، نسیم وکی، ناصر چنیوٹی، سلیم البیلا، قیصر پیا، افتخار ٹھاکر اور ماجد خان شامل ہیں، تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی 15 دن میں اپنی سفارشات جمع کروائے گی۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق تھیٹر ایڈوائزری کمیٹی کا مقصد اسٹیج ڈراموں سے بیہودگی کا خاتمہ اور اصل ثقافتی تھیٹر بنانا ہے۔ ’کمیٹی کا بنیادی مقصد تھیٹر ڈرامے کو دوبارہ مہذب، شائستہ اور فیملی تھیٹر ڈرامے بنانا ہے، اسٹیج ڈراموں کی بحالی کے لیے سبسڈی دینا پڑی تو اس کے لیے بھی میکنزم بنایا جائے گا۔‘

مزید پڑھیں:  ون مین شو یا ٹیم ورک؟

اعلامیہ کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام 20 اور 21 نومبر کو تھیٹر فیسٹیول منعقد کیا جارہا ہے، جس میں اسٹیج کے اداکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، اس مکمل فیملی فیسٹیول میں شہریوں کو پنجاب کی ثقافت، تہذیب اور روایتی طنز و مزاح سے بھرپور تفریح فراہم کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp