آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست، ’کیا یہ غلط پاکستانی ٹیم ڈاؤن لوڈ ہوگئی؟‘

جمعہ 8 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

حارث رؤف نے 8 اوورز میں 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جیت اور کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی ٹیم کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اوپنر صائم ایوب کی سنچری، فاسٹ بولر حارث رؤف جو کہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے کی بولنگ اور بابر اعظم کے آخری چھکے نے کمال ہی کر دیا۔

صحافی حامد میر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب اور حارث رؤف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 28 سال بعد ایک روزہ کرکٹ میچ میں شکست دی۔

!اطہر سلیم نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ غلط پاکستانی ٹیم ڈاؤن لوڈ ہو گئی ہے کیا

اویس یوسفزئی نے لکھا کہ صائم ایوب آج جس طرح شاندار بیٹنگ کر رہا ہے، یہی فارم برقرار رہی تو پاکستان پہلا ون ڈے ہارنے کے باوجود آسٹریلیا سے سیریز جیت سکتا ہے۔

عبید صدیقی لکھتے ہیں کہ مالک! یہ سب کیا دیکھنا پڑ رہا ہے کہیں نظر نہ لگ جائے۔

ایک صارف نے لکھا کہ سیریز سے پہلے حارث رؤف کی پچھلی کارکردگی کو لے کر سلیکشن پر تنقید ہو رہی تھی لیکن انہوں نے سب سے شاندار بولنگ کی کیونکہ اس کنڈیشن میں وہ پیس/باؤنس کا اچھا استعمال کرتا ہے۔ صارف کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں ہمیشہ انتخاب حاضرہ کنڈیشن کے حساب سے ہونا چاہیے کیونکہ سٹیٹس ماضی بتاتے ہیں مستقبل نہیں۔

ایک بھارتی ایکس صارف نے لکھا کہ یہ وہ پاکستانی ٹیم ہے جو ہم سب دیکھنا چاہتے ہیں۔

عاطف رؤف نے لکھا کہ پاکستان کی آسٹریلیا میں پرفارمنس دیکھ کر انڈین ٹیم ڈر گئی اور چمیپن ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 4 نومبر کو سیریز کے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp