دہشتگردی کو پورے قومی اور اجتماعی عزم کے ساتھ کچلا جائے گا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

ہفتہ 9 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی جنرل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ دہشتگردی کو پورے قومی اور اجتماعی عزم کے ساتھ کچلا جائے گا، ملک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم، فوجی اور سول اداروں کی مستقل حمایت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ دھماکا، دہشتگردوں کے ہاتھوں 24 معصوم شہری جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر معصوم شہریوں اور مسافروں کو نشانہ بنا کر کیے گئے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے شہدا کی نماز جنازہ کوئٹہ گیریژن میں ادا کر دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزرا اور فوجی و سویلین حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں:وفاقی اور بلوچستان حکومت کا دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آخر حد تک جانے کا عزم

اعلامیے کے مطابق نماز جنازہ کے بعد آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور انہیں تسلی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے قوم متحد اور پر عزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف مشن کو مکمل قومی اور اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

 یہ بھی  پڑھیں:پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کی کوئٹہ دھماکے کی بھرپور مذمت

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے فوجی اور سول اداروں کی کوششوں کے ساتھ ساتھ تمام پاکستانیوں کی مستقل حمایت کی بھی ضرورت ہے۔ اس سے قبل کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp