22سال بعد آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست:’ یہ ہمارے لڑکے نہیں ہیں‘

اتوار 10 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم نے 22 برس بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی ۔ 140 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے 27ویں اوور کی پانچویں گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔

ایک عرصے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار جیت کا تحفہ دیا تو پاکستانی شائقین کرکٹ نے بھی تعریف کرنے میں کنجوسی نہیں کی۔ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرایا تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین نے خوب داد دی اور دلچسپ تبصرے کیے ۔ کسی نے تعریف کی تو کوئی اب تک اس بات کا یقین ہی نہیں کر پا رہا کہ پے در پے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ چیمپین آسٹریلیا کو ان کے گھر میں ہی پچھاڑ سکتی ہے۔ صارفین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر طنز ومزاح سے بھرپور تبصروں سے سماں باندھ دیا۔

ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ سنڈے فنٹاسٹک تھا، پاکستان کو مبارکباد ‘


جہاں صارفین نے فاسٹ بولرز کی تعریفوں کے پل باندھے وہیں کپتان محمد رضوان کی کپتانی کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔ ایک صارف نے لکھا ’ناقابل یقین فیلڈ پوزیشن ، یہ ہمارے لڑکے نہیں ہیں‘


ایک اور صارف نے بابر اعظم پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کپتانی سے استعفی دے کر خوشی واپس پالی ‘


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا ایک ویڈیو کلپ بھی وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے آسٹریلیا جانے سے قبل کہا تھا کہ آج تک ہم نے آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں نہیں ہرایا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ہرا نہیں سکتے ، ہم ان کو ہرائیں گے۔ صارفین کی جانب سے یہ ویڈیو کلپ دوبارہ شئیر کیا جارہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ رضوان نے جو کہا تھا وہ کر کے دیکھا دیا۔


ایک اور صارف نے ایکس پر رضوان کی کپتانی سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کُچھ اس طرح سے کیا ’کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ آسٹریلیا کے کسی بھی بلے باز نے پاکستان کے خلاف اس سیریز میں کوئی ایک بھی نصف سینچری سکور نہیں کی ہے۔ ہم رضوان کے دور میں جی رہے ہیں۔‘


ایک اور صارف نے لکھا آسٹریلیا کو ہم آسٹریلیا میں ہرا کر دیکھائیں گے! وہ جو کہتا ہے وہ کرتا بھی ہے ! وہ بابر نہیں رضوان ہے


واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو پرتھ میں ہونے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔آسٹریلیا میں 2002 کے بعد سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp