’بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے نہ آیا تو پاکستان آئندہ ان کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا‘

اتوار 10 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان آکر نہ کھیلنے سے متعلق آگاہ کردیا گیا، جس کے بعد حکومت پاکستان نے بھی دوٹوک مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت کا چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ، آئی سی سی کو باضابطہ آگاہ کر دیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے اس رویے پر حکومت پاکستان کی جانب سے بھی سخت فیصلے لیے جانے کا امکان ہے، اور حکومت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ اگر بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھی آئندہ بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں ان کے ساتھ میچ نہیں کھیلا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کا مؤقف ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجا اور اچھا تاثر دیا لیکن بھارت کی جانب سے ہمیشہ کھیل میں بھی سیاست کو شامل کیا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم چیمپیئنز ٹرافی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، بھارت کے نہ آنے کی صورت میں خطرناک حد تک جائیں گے، ہمارے اسٹیڈیمز بن رہے ہیں اور سیکیورٹی بھی اچھی ہے، اب بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ پاکستان آکر نہ کھیلے۔

میڈیا رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ بھارت کے پاکستان آکر نہ کھیلنے کی صورت میں ہمیں ریونیو نقصان ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تو تب ان کا نقصان بھی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی پر ہمارا مؤقف واضح ہے، کسی ہائبرڈ ماڈل پر بات نہیں ہوگی، چیئرمین پی سی بی

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان نے دوٹوک فیصلہ کرلیا ہے کہ بھارت کو پاکستان آکر ہی کھیلنا ہوگا، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کسی ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp