اسرائیل مشکل میں پھنس گیا، امریکا نے بلڈوزر اور ہیوی بموں کی فراہمی روک دی

اتوار 10 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے اسرائیل کو 130 بلڈوزر اور بھاری بموں کی فراہمی روک دی ہے، اسرائیل یہ بلڈوزر غزہ کی پٹی میں گھروں کو منہدم کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔

اسرائیلی روزنامے یدیوت احرونوت کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے امریکی مشینری بنانے والی کمپنی کیٹرپیلر سے تقریباً 130 ڈی 9 بلڈوزر خریدنے کے بڑے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ بھی  پڑھیں اسرائیلی قابض افواج کی بربریت اور غزہ میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سعودی عرب

اخبار نے اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے حال ہی میں غزہ میں گھروں کو مسمار کرنے کے لیے ان بلڈوزروں کے استعمال کی وجہ سے معاہدے کو منجمد کر دیا ہے، اس معاہدے کو منجمند کرنے پر امریکا پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جا رہی ہے۔

اخبار نے لکھا ہے کہ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پہلے ہی بلڈوزر کی ادائیگی کر چکا ہے اور امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے برآمدی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔

اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ یہ پابندی ایک ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب اسرائیل کو بلڈوزر کی اشد ضرورت تھی۔

مزید پڑھیں سعودی عرب نے اسرائیل کی بڑھتی جارحیت کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیدیا

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں میں مصروف ہے اور خطے میں استعمال کے لیے اضافی ڈی نائن بلڈوزر کی ضرورت ہے۔

اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ بلڈوزر کی کھیپ بند ہونے سے جنوبی اسرائیل میں غزہ اور نیگیو کے درمیان بفر زون بنانے کے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے، جس میں غزہ کی سرحد کے ساتھ زرعی علاقوں کو صاف کرنا اور سینکڑوں فلسطینی عمارتوں کو منہدم کرنا شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل، دنیا بھر میں احتجاج  

اخبار کے مطابق واشنگٹن نے اسرائیلی فوج کو سینکڑوں بھاری بموں کی فراہمی بھی منجمد کردی ہے۔ اسرائیل نے امریکا سے تقریباً 1300 بم خریدے تھے۔ ان بموں میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً ایک ٹن ہے۔ امریکا نے ان خدشات کا حوالہ دیا ہے کہ انہیں غزہ میں شہریوں کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھاری بموں کی کھیپ کا آدھا حصہ بالآخر پہنچا دیا گیا جبکہ باقی آدھا حصہ امریکی اسٹوریج تنصیبات میں پھنسا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے باوجود 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر تباہ کن حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان حملے میں 43,600 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور غزہ تقریباً ناقابل رہائش ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں:حماس کی کامیابیوں کے بعد اسرائیل کی مدد کے لیے امریکی بحری بیڑہ روانہ

ادھر اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کے اقدامات پر بین الاقوامی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا سامنا ہے، جس میں اب آئرلینڈ نے بھی اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کے مقدمے کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئرش قانون سازوں نے حال ہی میں غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی ہے، جس میں اسرائیل کو’نسل کشی‘ کامرتکب قرار دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp