ہائی کورٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دے دیا

منگل 11 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے فل بینچ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیدیا۔

آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے فل بینچ نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دیدیا۔ عدالت نے انہیں عدالت کے برخاست ہونے تک سزا سنائی۔ انہیں یہ سزا توہین عدالت پر سنائی گئی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے چند روز قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ججز کے خلاف دھواں دھار تقریر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قانون ساز اسمبلی کے اختیارات کے خلاف آیا تو وہ اپنی نوکری سے جائے گا۔ اپنی حدود میں رہیں، پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

بعدازاں وزیراعظم آزادکشمیر نے اسلام آباد میں ویلفیئر آگنائزیشن کی تقریب میں بھی متنازعہ تقریر کی تھی۔ سردارتنویر الیاس کا کہناتھا کہ ہم کام کرنا چاہتے ہیں مگر عدالت سٹے پر سٹے دیئے جا رہی ہیں۔ ہم کوئی پروجیکٹ کرنا چاہتے ہیں تو اس پر حکم امتناعی آ جاتا ہے، ان  کا مزید کہنا تھا کہ سڑک چلتے لوگوں کو بلا کر سٹے دیا جاتا ہے، ان کا یہ جملہ بار بار کوٹ بھی ہوا ”میں ججز کا دھواں نکالوں گا“۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے عدالت سے معافی کی استدعا کی تاہم عدالت نے معافی کی درخواست مسترد کردی۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

عدالت نے نئے وزیراعظم کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی لکھ دیا۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp