جسٹس مسرت ہلالی، پشاور ہائیکورٹ کی نئی چیف جسٹس بننے کا امکان

منگل 11 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی تقرری کے  معاملہ پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال  نے 13 اپریل کو جوڈیشل کمیشن اجلاس طلب کر لیا۔

اجلاس میں جسٹس مسرت ہلالی کو پشاور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس بنانے پر غور کیا جائے گا۔

چیف جسٹس  کی جانب سے 13 اپریل کو بلائے جانے والے اجلاس میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قائم مقام چیف جسٹس مسرت ہلالی کو پشاور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس نامزد کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ جسٹس مسرت ہلالی اس وقت قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔

قائمقام چیف جسٹس مسرت ہلالی ، پشاور ہائی کورٹ کے دیگر ججز حضرات کے ساتھ

جسٹس مسرت ہلالی کون ہیں؟

مسرت ہلالی پہلی خاتون ہوں گی جو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالیں گئیں۔ وہ جج بننے سے پہلے انسانی حقوق کی بھی سرگرم  کارکن تھیں اور عدالیہ کی آزادی کی تحریک میں بھی فرنٹ لائن پر رہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی کا تعلق مالاکنڈ ڈیثرون کے قدرے پسماندہ علاقے پالئی سے ہے۔ جو اٹھ اگست 1961 کو پیدا ہوئیں۔ قانون کی ڈگری خیبر لا کالج پشاور یونیورسٹی سے حاصل کی اور سال 1983 میں ڈسٹرک بار کے ساتھ بطور وکیل انرول ہوئیں اور وکالت کا باقاعدہ آغاز شروع کیا۔ وہ سال 1988 میں ہائی کورٹ اور 2006 سپریم کورٹ میں انرول ہوئیں۔

مسرت ہلالی بار کی پہلی خاتون تھیں جو پشاور بار کی سیکریٹری منتخب ہوئیں اور اس عہدے پر سنہ 1988سے 1989 تک براجمان رہیں اور سنہ 1992 سے 1994 تک مسلسل دو بارنائب صدر بھی رہیں۔ سنہ 1997 میں دوسری بار سیکریٹری منتخب ہوئیں جبکہ وہ سپریم کورٹ بار ایسویسی ایشن کی ایگزیکٹیو رکن منتخب ہونے والی بھی پہلی خاتون تھیں۔

مسرت ہلالی بطور وکیل بھی مختلف سرکاری اہم عہدوں پر رہی ہیں۔ سال 2001 بطور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا تعیناتی ہوئیں اور وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون تھیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی حیثیت سے 2004 تک کا کیا۔

انہوں نے چئیرپرسن انوائرمینٹل پروٹیکش ٹربنیویل کے طور پر بھی خدمت سر انجام دی اور اس عہدے پر بھی کام کرنے والی وہ پہلی خاتون تھیں۔ وہ صوبائی محتسب بھی رہیں اور پھر 26 مارچ 2013 کو پشاور ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل جج تعینات ہوئیں جس کے ایک سال بعد ہی وہ پشاور ہائی کورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔

 

جسٹس مسرت ہلالی  نے یکم اپریل 2023 کو قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ وہ پشاور ہائی کورٹ کی تاریخ میں چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہونے والی پہلی خاتون جج ہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی قائمقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف اٹھاتے ہوئے

یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس قیصر رشید 30 مارچ کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے جس کے بعد سینیئر ترین جج جسٹس روح الامین کو قائم مقام چیف جسٹس تعینات کیا گیا تھا۔ وہ صرف ایک روز ہی چیف جسٹس رہنے کے بعد 31 مارچ کو ریٹائر ہو گئے تھے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp