وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے کے باعث گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا تشویش کا باعث ہے، گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔
باکو میں تاجکستان کے صدر کی میزبانی میں گلیشیئرز کے تحفظ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مستقبل میں پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے گلیشیئرز کا تحفظ ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں ملک کے بیشتر علاقوں میں گلیشیئرز پھٹنے اور تباہ کن سیلاب کی وارننگ جاری
انہوں نے کہاکہ گلیشیئرز پینے کے پانی کا بڑا ذریعہ ہیں، پاکستان میں گلیشیئرز سے 90 فیصد پانی حاصل ہوتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کا تحفظ سنجیدہ اقدامات کا متقاضی ہے، انسانیت کی بقا گلیشیئرز کے تحفظ سے مشروط ہے۔
ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے 6 ہزار ارب ڈالر درکار ہیں، وزیراعظم
قبل ازیں کلائیمیٹ فنانس گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ ترقی یافتہ ملکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے آگے آنا ہوگا، اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق فنڈز مختص کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ملکوں کو 2030 تک 6 ہزار ارب ڈالرز درکار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان کو ماضی قریب میں دو تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اب تک سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نہیں نکل سکا، ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ہمیں معاشی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ ترقی پذیر ملکوں کو موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ملکوں کی معاونت چاہیے۔